پاکستان میں کورونا کے 1500 سے زائد مریض، 12 ہلاکتیں

پاکستان میں کورونا وائرس نے اب تک ایک ہزار 526 افراد کو متاثر کیا ہے جبکہ ملک میں ہلاکتوں کی تعداد 12 ہے۔
کورونا وائرس کے حوالے سے وزارت قومی صحت کی جانب سے قائم کیے گئے نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کے اعداد و شمار کے مطابق اتوار کو پاکستان میں کورونا وائرس کے مریضوں کی کل تعداد 1526 ہو چکی ہے۔
ادھر اتوار کو چین سے پاکستان کی ایئر فورس کا ایک طیارہ امدادی سامان لے کر راولپنڈی کے نور خان ایئر بیس پہنچا ہے۔ جاری کیے گئے ایک بیان کے مطابق 14 ٹن امدادی سامان میں وینٹی لیٹر، این 95 ماسک اور حفاظتی لباس شامل ہے۔
’کووڈ ڈاٹ جی او وی ڈاٹ پی کے’ (covid.gov.pk) پر جاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک 12 افراد کورونا وائرس سے ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ سات افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

پاکستان میں اب تک کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبہ پنجاب ہے جہاں اس وائرس کے مریضوں کی تعداد 558 ہو چکی ہے۔
صوبہ سندھ میں481 جب کہ خیبر پختونخوا میں اب تک 188 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
اب تک ملک میں بھر میں کورونا کے 25 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔
سرکاری اعداد وشمار کے مطابق گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے 107، بلوچستان میں 133، اسلام آباد 43 جب کہ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں کورونا وائرس کے دو مریض سامنے آئے ہیں ۔
پاکستان میں خیبر پختونخوا میں چار جب کہ پنجاب میں تین، سندھ میں دو، بلوچستان اور گلگت بلتستان میں ایک ایک افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ گلگت میں کورونا وائرس کے مریضوں کی دیکھ بھال پر مامور ڈاکٹر بھی ہلاک ہونے والے افراد میں شامل ہیں۔

POST A COMMENT.